ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / آسام میں زہریلی شراب سے اب تک 133 افراد ہلاک، 200 سے زیادہ بیمار

آسام میں زہریلی شراب سے اب تک 133 افراد ہلاک، 200 سے زیادہ بیمار

Sun, 24 Feb 2019 23:16:40    S.O. News Service

گوہاٹی، 24 فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) آسام میں زہریلی شراب پینے سے مرنے والوں کا سلسلہ جاری ہے،اب تک شراب پی کر مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 133 ہو چکی ہے۔زہریلی شراب پینے سے 200 سے زیادہ لوگ بیمار ہیں جنہیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے،ان میں سے کچھ کی حالت اب بھی نازک بنی ہوئی ہے۔وہیں انتظامیہ نے شراب کے غیر قانونی اڈوں پر کارروائی کرتے ہوئے ہزاروں لیٹر شراب تباہ کردی ہے،ساتھ ہی 10 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ایڈیشنل پولیس ڈائریکٹر جنرل (قانون اور نظام) مکیش اگروال نے 133 لوگوں کے مرنے کی تصدیق کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ فورنسک تحقیقات کے لئے نمونہ بھیجا گیا ہے، انتظامیہ کو رپورٹ کا انتظار ہے۔دریں اثنا آبکاری محکمہ کے ایک افسر نے بتایا کہ شراب کی غیر قانونی فروخت اور پیداوار کو لے کر کل 90 کیس درج کئے گئے ہیں،ایکسائز قانون کی خلاف ورزی کی وجہ سے تمام کیس درج کئے گئے ہیں۔افسر نے بتایاکہ 22 فروری سے اب تک 4860 لیٹر شراب ضبط کر اسے تباہ کیا گیا ہے۔ وہیں وزیر اعلی سرباند سونووال نے ہفتہ کو جورہاٹ میڈیکل کالج کا دورہ کیا اور بیمار لوگوں کے علاج کا جائزہ لیا۔انہوں نے مرنے والوں کے اہل خانہ کو 2 لاکھ روپے اور بیمار لوگوں کو 50 ہزار روپے کی مدد دینے کا اعلان کیا۔

یہ معاملہ گوہاٹی سے تقریبا 300 کلو میٹر دور واقع گولاگھاٹ کے سالمورا چائے باغان کا ہے تو وہیں دوسرا معاملہ جورہاٹ ضلع کے تیبابور سب ڈویژن کے دو دور دیہات کا ہے،مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ چائے کے باغات میں جمعرات کی رات بہت سے لوگوں نے ایک ہی دکاندار سے شراب خرید پی تھی،ان میں سے کئی تو فوری طور پر بیمار ہو گئے اور بہت سے لوگ تو ہسپتال تک نہیں پہنچایا جا سکا۔

غور طلب ہے کہ کچھ دن پہلے ہی اتر پردیش اور اتراکھنڈ میں زہریلی شراب پینے سے 100 سے زیادہ لوگوں کی موت ہو گئی تھی،یہ واقعہ سہارنپور، روڑکی اور کشی نگر میں ہواتھا۔سہارنپور میں 64، روڑکی میں 26 اور کشی نگر میں 8 لوگوں کی موت ہوئی تھی۔اتر پردیش کی حکومت کے مطابق زہریلی شراب سے ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر وہ لوگ تھے جو اتراکھنڈ میں ایک تیرھویں کی رسومات میں شریک ہونے گئے تھے، جہاں ان لوگوں نے شراب پی تھی،ان کی موت کے بعد یوگی حکومت نے غیر قانونی شراب کے خلاف پوری ریاست میں مہم شروع کی تھی اور تین افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔
 


Share: